کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ و ماڈل عائزہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے بالی ووڈ اسٹار کرینہ کپور سے متاثر ہوکر اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھا تھا۔
عائزہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے کرینہ کپور کے جیسا اسٹائل اپنا کر اُن کے فلمی ڈائیلاگز پر منظر کشی کی۔
مذکورہ ویڈیو میں عائزہ خان نے بالی ووڈ فلم ‘کبھی خوشی کبھی غم’ سے کرینہ کپور کے مشہور ڈائیلاگز پر لِپ سنک کرتے ہوئے اداکارہ کے جیسی اداکاری کی۔
اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا آپ کو اندازہ ہے کہ میں نے کرینہ کپور کی فلم ’جب وی میٹ‘ کتنی بار دیکھی ہے؟
عائزہ خان کی اس ویڈیو کو جہاں مداحوں نے پسند کیا تو وہیں ہانیہ عامر سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی اداکارہ کے اسٹائل کی خوب تعریف کی۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور نے سال 1999 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور رواں سال اُنہیں بالی ووڈ انڈسٹری میں 25 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
کرینہ کپور کی فلم ‘جب وی میٹ’ سال 2007 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم میں اُن کے ساتھ اداکار شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔