ممبئی: بالی ووڈ اسٹار عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہیں جس میں اُنہیں کسی بھی کام پر زیادہ وقت اور توجہ دینے میں دشواری ہوتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں اے ڈی ایچ ڈی (اٹینشن ڈیفیسیٹ ہائپر ایکٹیویٹی ڈس آرڈر) میں مبتلا ہوں اور اسی وجہ سے، میں میک اپ سیٹ پر 45 منٹ سے زیادہ کا وقت نہیں دے سکتی۔
عالیہ بھٹ نے کہا کہ چونکہ میں اپنی بیماری کی وجہ سے میک اپ سیٹ پر زیادہ وقت نہیں گزار سکتی تو تقریبات میں سادہ رہنے کو ترجیح دیتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ اسی بیماری کی وجہ سے، میں اپنا ہر کام جلدی کرتی ہوں، میں چاہتی ہوں کہ میرے ساتھ کام کرنے والے لوگ بھی کسی بھی کام میں زیادہ وقت نہ لگائیں۔
اُنہوں نے اپنی شادی کے میک اپ کے حوالے سے کہا کہ میری میک اپ آرٹسٹ نے شادی کے روز مجھے تیار کرنے کے لیے دو گھنٹے مانگے تھے اور باقاعدہ مجھ سے درخواست کی تھی لیکن میں نے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا تھا کہ میں تمہیں ایک گھنٹے کا وقت بھی نہیں دے سکتی، میں سادہ میک اپ چاہتی ہوں۔
واضح رہے کہ اے ڈی ایچ ڈی (اٹینشن ڈیفیسیٹ ہائپر ایکٹیویٹی ڈس آرڈر) ایک ذہنی عارضہ ہے جس میں مبتلا افراد ضرورت سے زیادہ سرگرمیوں سے دور رہتے ہیں، توجہ دینے میں دشواری اور نتائج کی پرواہ کیے بغیر کام سرانجام دیتے ہیں۔