لارنس بشنوئی کو بلاؤں کیا؟ خاتون کی سلیم خان کو دھمکی


 ممبئی: بالی ووڈ کے سینیئر اسکرین رائٹر اور دبنگ اسٹار سلمان خان کے والد سلیم خان کو نامعلوم خاتون نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام کی دھمکی دے دی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلیم خان معمول کے مطابق اپنی مارننگ واک کے بعد راستے میں ایک جگہ بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک ایک موٹرسائیکل اُن کے پاس آکر رُکی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ موٹرسائیکل پر ایک مرد اور خاتون سوار تھے، خاتون موٹرسائیکل سے اُتر کر سلیم خان کے پاس آئی اور کہا کہ میں لارنس بشنوئی کو بلاؤں کیا؟

سلیم خان کو یہ دھمکی دینے کے بعد خاتون موٹرسائیکل پر بیٹھ کر وہاں سے چلی گئی۔

بعدازاں، سلیم خان نے باندرہ پولیس اسٹیشن میں واقعے کا مقدمہ درج کروایا جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس دھمکی کے پیچھے کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح 5 بجے ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 مسلح افراد نے تین راؤنڈز فائرنگ کیے تھے اور پھر دونوں افراد فرار ہوگئے تھے۔

بعدازاں، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا، دورانِ تفتیش معلوم ہوا تھا کہ فائرنگ کے پیچھے گینگسٹر لارنس بشنوئی کا ہاتھ ہے۔

ملزمان نے پولیس کو بتایا تھا کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے لیے 4 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں