واشنگٹن: امریکا میں ایک درجن سے زائد ریاستوں میں انتخابی حکام کو مشتبہ پیکٹ موصول ہوئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مشتبہ پیکٹس جارجیا، انڈیانا، کینٹکی، میساچیوسٹس، میسوری، نیویارک اور رہوڈز آئی لینڈ کے الیکشن حکام کو بھیجے گئے۔
اس سے قبل آئیووا، کنساس، نیبراسکا، اوکلاہوما، ٹینیسی اور وومنگ میں حکام کو پیکٹ بھیجے گئے تھے۔
ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ پیکٹوں میں ایک نامعلوم مادہ تھا جس کے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب بعض ریاستوں میں ابتدائی ووٹنگ ہو رہی ہے۔
ادارے کے بوسٹن دفتر کی ترجمان کرسٹین سیٹیرا نے ایک بیان میں کہا کہ ایف بی آئی ان خطوط کو جمع کر رہی ہے جن میں سے کچھ میں ‘نامعلوم مواد’ موجود تھا۔
گزشتہ ایک سال میں یہ دوسرا موقع ہے جب متعدد سرکاری دفاتر میں انتخابی عہدیداروں کو مشکوک پیکٹس بھیجے گئے ہیں۔