بالی ووڈ کے نامور اداکاروں کے باڈی گارڈز کی تنخواہ سامنے آگئی


 ممبئی: سلمان خان اور شاہ رخ خان سمیت بالی ووڈ کے دیگر نامور اسٹارز کے باڈی گارڈز کی سالانہ نتخواہوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

دُنیا بھر میں شہرت رکھنے والے بالی ووڈ ستاروں نے اپنی حفاظت کے لیے باڈی گارڈز بھی رکھے ہوئے ہیں جو گزشتہ کئی سالوں سے ان اداکاروں کی حفاظت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ان اداکاروں کی وجہ سے جہاں اُن کے باڈی گارڈز کو مقبولیت حاصل ہے تو وہیں ان کی سالانہ اور ماہانہ تنخواہیں بھی بہت زیادہ ہیں، جن کے بارے میں جاننے کے بعد مداح یقیناََ حیران رہ جائیں گے۔

اس رپورٹ میں جانتے ہیں کہ بالی ووڈ کا کونسا اداکار اپنے باڈی گارڈ کو کتنی تنخواہ دیتا ہے اور سب سے زیادہ تنخواہ کس اداکار کے باڈی گارڈ کی ہے؟

امیتابھ بچن:

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے باڈی گارڈ کا نام جتندر شندے ہے جو خود ایک سیکیورٹی ایجنسی کے مالک ہیں، لیجنڈری اداکار اپنے باڈی گارڈ کو سالانہ تقریباً 1.5 کروڑ بھارتی روپے تنخواہ دیتے ہیں۔

شاہ رخ خان:

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے باڈی گارڈ روی سنگھ گزشتہ ایک دہائی سے اُن کی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، کنگ خان اپنے باڈی گارڈ کو ماہانہ 17 لاکھ جبکہ سالانہ 2.7 کروڑ بھارتی روپے تنخواہ دیتے ہیں۔

سلمان خان:

سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا اپنے مالک کی طرح بالی ووڈ میں کافی مقبول ہیں، وہ دبنگ اسٹار کی کئی فلموں میں مختصر کردار بھی ادا کرچکے ہیں۔

شیرا گزشتہ 15 سال سے سلمان خان کی حفاظت کررہے ہیں اور اُنہیں اس ذمہ داری کے لیے سالانہ 2 کروڑ بھارتی روپے تنخواہ ملتی ہے۔

ہریتھک روشن:

بالی ووڈ کے ایکشن اسٹار ہریتھک روشن کے باڈی گارڈ کا نام مَیور شیٹیگار ہے جنہیں سالانہ 2 کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے تنخواہ دی جاتی ہے۔

عامر خان:

بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان اپنے باڈی گارڈ یووراج گھورپاڑے کو سالانہ 2 کروڑ روپے تنخواہ دیتے ہیں۔

اکشے کمار:

اکشے کمار کے باڈی گارڈ شریاس اداکار کے ساتھ ساتھ اُن کے بیٹے کی حفاظت بھی کرتے ہیں، اس کام کے لیے اُنہیں سالانہ 2 کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے تنخواہ ملتی ہے۔

دیپیکا پڈوکون:

حال ہی میں ننھی پری کی والدہ بننے والی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون اپنے باڈی گارڈ جلال کو سالانہ 80 لاکھ سے 1.2 کروڑ بھارتی روپے تنخواہ دیتی ہیں۔

اس فہرست کے مطابق شاہ رخ خان اپنے باڈی گارڈ کو سب سے زیادہ تنخواہ دیتے ہیں جبکہ دیپیکا اپنے باڈی گارڈ کو سب سے کم تنخواہ دیتی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں