تل ابیب: اسرائیل نے غزہ میں دو مختلف مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی کے نصیرات کیمپ سمیت زیتون اور شیخ رضوان میں واقع پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا جہاں بڑی تعداد میں فلسطینی خاندانوں نے پناہ لے رکھی تھی۔
دونوں مقامات پر حملوں میں مجموعی طور پر 20 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ درجن سے زائد زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ 5 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار سے زیادہ ہے۔
حماس نے اسرائیل میں گھس کر 7 اکتوبر حملہ کیا تھا جس میں 1500 اسرائیلی مارے گئے تھے جب کہ حماس 200 سے زائد افراد کو یرغمال بناکر غزہ لے گئے تھے جن میں سے اکثر اسرائیل کی ہی بمباری میں ہلاک ہوگئے۔