گلوکار راحت فتح علی خان نے بتایا کہ لیجنڈ گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی ’اللّٰہ ہو اللّٰہ ہو‘ گوروں کو اتنی پسند آئی کہ انہوں نے استاد کا نام ’مسٹر اللّٰہ ہو‘ رکھ دیا تھا۔
راحت فتح علی خان ان دنوں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں موجود ہیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے استاد نصرت فتح علی خان کے حوالے سے بات چیت کی۔
گلوکار نے بتایا کہ ٹورنٹو میرا دوسرا گھر ہے کیونکہ استاد نصرت فتح علی خان کی اہلیہ یہاں رہتی تھیں اور میں ان کے گھر آیا کرتا تھا، ان کی وفات کے بعد یہ سلسلہ منقطع ہوگیا لیکن اس شہر سے میری یادیں وابستہ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں راحت فتح علی خان نے کہا کہ میرا بیٹا شاہ زمان چھوٹی عمر میں بڑے اسٹیج پر پرفارم کر رہا ہے، اس نے 6 سال کی عمر سے استاد نصرت فتح علی خان کو سُن کر اور گا کر سیکھا ہے، وہ لیجنڈ گلوکار کا گانا ‘تمہیں دل لگی’ بچپن سے گا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی ‘اللہ ہو اللہ ہو’ پسند ہے جو دنیا میں مقبول ہوئی تھی۔
گلوکار نے مزیدبتایا کہ قوالی ‘اللہ ہو اللہ ہو’ گوروں اور جاپانیوں کو بھی پسند آئی ہے اور وہ اسے سرچ کرکے سنتے رہے ہیں اور انہوں نے لیجنڈ گلوکار کا نام ‘مسٹر اللہ’ ہو رکھ دیا تھا۔