یمنیٰ زیدی کو شہرت دینے والا کردار ہاتھ میں آ کر نکل گیا: حبا علی

یمنیٰ زیدی کو شہرت دینے والا کردار ہاتھ میں آ کر نکل گیا: حبا علی


پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ حبا علی کا کہنا ہے کہ ماضی میں یمنیٰ زیدی کو شہرت دلانے والا ڈرامہ میرے ہاتھ میں آ کر نکل گیا۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ماضی میں سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ریجیکٹ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

دورانِ پروگرام حاضرین میں سے ایک نے سوال کیا کہ کیا کبھی کسی ہٹ ڈرامے کو انکار کرنے پر افسوس ہوا ہے؟

مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماضی میں مجھے ’عشق زہے نصیب‘ ڈرامے کی پیشکش ہوئی تھی، جسے میں نے اس لیے منع کر دیا تھا کہ اس میں مجھے زاہد خان کی والدہ کا کردار ادا کرنا تھا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ میں نے سوچا کہ مرکزی کردار تو سونیا حسین کر رہی ہیں، ساری توجہ انہیں ملے گی، ماں کا کردار نمایاں نہیں ہو گا اس لیے میں نے وہ کردار چھوڑ دیا کیونکہ میں اپنے کیریئر میں طویل وقفے کے بعد واپس آ رہی تھی اور اس طرح واپسی نہیں چاہتی تھی۔

حبا علی کے مطابق وہ ڈرامہ یمنیٰ زیدی کے نصیب میں تھا جو میرے ہاتھ میں آ کر بھی نکل گیا، یمنیٰ نے وہ ڈرامہ کیا اور اپنی اداکاری سے تمام تر توجہ حاصل کر لی، یہی ڈرامہ ان کی شہرت کا سبب بھی بنا۔

واضح رہے کہ حبا علی ان دنوں جیو ٹی وی کی ڈرامہ سیریل ’جان نثار‘ میں کشمالہ کا کردار ادا کر رہی ہیں، اس کردار میں ان کی منفی اداکاری کو مداح بے حد پسند کر رہے ہیں۔

اداکارہ حبا علی ان دنوں اپنے آنے والے ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ انہوں نے دل دیا دہلیز، پرفیوم چوک، اپنے پرائے، میرے جینے کی وجہ، مائی ری، راہِ جنون، شہادت اور جان نثار سمیت دیگر مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں