آڈیشن کیلئے رات 11 بجے بلا کر بولڈ لباس پہننے کا کہا گیا: حرا خان

آڈیشن کیلئے رات 11 بجے بلا کر بولڈ لباس پہننے کا کہا گیا: حرا خان


پاکستانی معروف اداکارہ حرا خان نے کاسٹنگ فراڈ کا اپنا تجربہ بیان کر کے نئے آنے والے فنکاروں کو ہوشیار کر دیا۔

اداکارہ کا نجی میگزین کو دیے گئے انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ ان دنوں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہے۔

وائرل کلپ میں اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر آڈیشن کے نام پر ہونے والے دھوکے کا قصہ سنایا اور بتایا کہ کس طرح انڈسٹری کے تجربے کار فنکار نے انہیں جعلی آڈیشن کے لیے تجویز کیا اور پھر انڈسٹری کے ایک اور ہدایت کار نے انہیں اس دھوکے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب میں ڈرامہ سیریل ’میرے ہمسفر‘ کی ریکارڈنگ کروا رہی تھی ، اس وقت ایک ساتھی فنکار، جن سے سیٹ پر ملاقات ہوئی تھی، نے ایک ہدایت کار کا نمبر دیا اور کہا کہ انہیں نئے پروجیکٹ کے لیے لڑکی چاہیے، ان سے رابطہ کر لو۔

اداکارہ نے بتایا کہ ساتھی فنکار کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے میں نے مذکورہ ہدایت کار کو فون کیا تو انہوں نے مجھے سے میرے کام کے بارے میں پوچھنے کے بجائے میری تصاویر مانگیں اور آڈیشن کے لیے بلا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب میں نے ان سے سہ پہر کا وقت مقرر کرنے کا کہا تو انہوں نے مجھے رات 11 بجے بلایا۔

حرا خان نے بتایا کہ مذکورہ ہدایت کار نے مجھے کہا کہ آپ کا اسکرین ٹیسٹ ہو گا اور اُسی کی بنیاد پر منتخب کیا جائے گا، اسکرین ٹیسٹ کے لیے آپ کو بولڈ لباس زیب تن کرنا ہو گا اور کہا کہ آپ کا آڈیشن خفیہ رکھا جائے گا، جسے صرف پروڈیوسرز دیکھیں گے۔

اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ ہدایت کار کی باتیں سن کر شک ہوا تو انڈسٹری کے ایک اور ہدایت کار کو فون کیا اور معلوم کیا کہ کیا اس طرح بھی آڈیشنز ہوتے ہیں تو انہوں نے بتایا کہ ایسا نہیں ہوتا، یہ ضرور دھوکا ہو گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں