صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال، ایمنڈا کا علی امین گنڈاپور سے معافی مانگنے کا مطالبہ

صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال، ایمنڈا کا علی امین گنڈاپور سے معافی مانگنے کا مطالبہ


ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا نیوز ڈائریکٹر ایسوسی ایشن(ایمنڈا) نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے صحافیوں سے متعلق نازیبا زبان کے استعمال اور دھمکی آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایمنڈا نے اپنے بیان میں وزیراعلیٰ کی جانب سے صحافیوں کے لیے نازیبا الفاظ اور دھمکیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علی امین نے جلسے میں صحافیوں سے متعلق غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب گفتگو کی اور صحافیوں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دھمکیاں دیں۔

ادارے نے بیان میں کہا کہ پاکستان میں صحافی انتہائی نامساعد حالات میں اپنے فرائض ادا کررہے ہیں لہٰذا تحریک انصاف کو علی امین سے باز پرس کرنی چاہیے اور وزیر اعلیٰ کو نامناسب الفاظ کی ادائیگی پر صحافی برادری سے معافی مانگنی چاہیے۔

ایمنڈ نے جلسے کی کوریج کرنے والے بعض چینل کے صحافیوں کو سیاسی کارکنوں کی جانب سے ہراساں اور انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی سے روکنے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت کے غیر ذمے دارانہ بیانات سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو اشتعال دلانے کا سبب بنتے ہیں جس سے میڈیا ورکرز کی جان و مال کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔

ایمنڈ نے پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطرات اور اظہار رائے پر پابندیوں کی صورتحال پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں میڈیا کو غیراعلانیہ سینسرشپ، سیاسی جلسوں اور سرگرمیوں کی کوریج پر غیرقانونی پابندیوں اور دباؤ کاسامنا ہے جس سے عوام کا حق معلومات بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ آزاد میڈیا ہی سے جمہوری معاشرہ پروان چڑھ سکتا ہے اور یہی ریاست، سیاست اور عوام کے مفاد میں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کو لفافی اور بکاؤ قرار دیتے ہوئے ان پر قلم بیچنے کا الزام عائد کیا تھا۔

علی امین گنڈاپور نے کسی فرد کا نام لیے بغیر صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تم جو ہمارے خلاف مہم چلاتے ہو تو سمجھتے ہو کہ ہمیں بلیک میل کر سکو گے، میں تمہاری صحافت پر لعنت بھیجتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے خاتون صحافیوں کے لیے بھی نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے تھا کہ یہ لوگ صحافی نہیں لفافی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں