اسرائیل میں حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ، ساڑھے 7 لاکھ افراد شریک

اسرائیل میں حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ، ساڑھے 7 لاکھ افراد شریک


تل ابیب: غزہ میں قید یرغمالیوں کو واپس لانے میں ناکامی پر مشتعل اسرائیلیوں نے نیتن یاہو کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں ایک اندازے کے مطابق 750,000 شہری شریک ہوئے۔

الجزیرہ اور اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی شہری نیتن یاہو حکومت پر سخت غصہ ہیں، انھوں نے یرغمالیوں کو واپس لانے میں ناکامی پر حکومت کے خلاف ایک عظیم الشان مظاہرہ کیا، جس میں ساڑھے سات لاکھ افراد نے شرکت کی، تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس کی سڑکیں مظاہرین سے بھر گئیں۔

مظاہرے کے منتظمین کا کہنا تھا کہ تل ابیب میں 5 لالکھ افراد نکلے تھے، جب کہ ڈھائی لاکھ افراد ملک کے دیگر شہروں میں ریلیوں میں شامل ہوئے۔

مظاہرین نے کہا نیتن یاہو ناکام ہو گئے، یہ حکومت ہمارے لیے باعث شرم ہے، 11 ماہ میں نیتن یاہو یر غمالیوں واپس نہ لا سکے، مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا اور امریکی صدر جو بائیڈن سے اپیل کی کہ وہ ان کے پیاروں کو لانے میں مدد کریں۔

دوسری طرف تل ابیب میں پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی، اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ لندن میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا ہے، جس میں مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

ادھر غزہ میں 11 ماہ ہو گئے ہیں لیکن اسرائیل کا غزہ میں ظلم و ستم کا سلسلہ تھم نہ سکا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 31 فلسطینی جان سے گئے، جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی حملے میں 8 فلسطینی شہید ہوئے، فلسطینی حکام کے مطابق سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد مورسی اہل خانہ کے ہمراہ حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔

اسرائیل کے ریٹائرڈ میجر جنرل یتزاک برک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں موجودہ حکمت عملی اسرائیل کو فتح کی بجائے ممکنہ تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں