اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شمال میں طوباس شہر میں ایک چلتی گاڑی پر فضائی حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی گرام ایپ پر جاری ایک پوسٹ میں اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف خطرہ بننے والے مسلح افراد پر تین فضائی حملے کیے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے طوباس میں الفارعہ پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملہ کیا ہے، شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اس فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک 40 فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے، جبکہ 140سے زائد زخمی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنانی علاقوں سے گزشتہ 8 ماہ کے دوران اسرائیل پر 6 ہزار 611 راکٹ داغے گئے، لبنان سے اسرائیلی علاقوں پر کم سے کم راکٹ جنوری میں اور زیادہ تر اگست کے ماہ کے دوران فائر کئے گئے۔
اسرائیلی فوج کے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ لبنان سے اسرائیل پر جنوری 2024 میں 334 راکٹ داغے گئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق فروری میں 534، مارچ 746، اپریل میں 744، مئی 1000، جون 855 اور جولائی میں ایک ہزار 90 راکٹ حملے کئے گئے۔
ماہ اگست کے دوران لبنان سے 40 راکٹ یومیہ کے تناسب سے داغے گئے، یہ تعداد ایک ماہ میں 1 ہزار 307 بنتی ہے۔