رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ
“، ڈیلس: “ پاک پیک کے نیشنل بورڈ ممبر، ڈاکٹر راؤ کامران علی کی رہائش گاہ پر کانگریس کے امیدوار برانڈن گل کے اعزاز میں ایک پروقار فنڈ ریزر کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے اہم رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب کی میزبانی میں ڈاکٹر راؤ کامران علی کے ساتھ ساتھ نامور وکیل صبا احمد اور ممتاز ماہر نفسیات ڈاکٹر فرقان رضوی نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے امیدوار برانڈن گل نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں اور منتخب ہونے کے بعد انکی کوشش ہوگی کہ پاکستان کو امریکہ سے ٹریڈ بڑھانے کے مزید مواقع بڑھانے میں وہ انکی مدد کریں انہوں نے امگریشن سمیت دیگر پالیسیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا ا ظہار کیا اور کہا کہ سماجی حوالے سے ہمارے اور آپکے ذہن ایک جیسے ہیں اور وہ پاکستانی کمیونٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں
اس موقع پر پاک پیک ڈیلس چپٹر کی صدر صبا احمد ، پاک پیک کے سابق صدر ڈاکٹر ہارون صدیقی اور سیکریٹری ڈاکٹر سید نوید حسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ واضع رہے کہ برانڈن گل، جو کہ معروف کنزرویٹیو ریپلکن پارٹی کے امیدوار ہیں اور ٹرمپ کے قریبی ساتھی ڈینیس ڈیسوزا کے داماد بھی ہیں، نے یہاں ٹیکساس سے اپنے پرائمری الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اور انہیں یہاں کانگریس کا ایک مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ جبکہ انتخابی تجزیوں کے مطابق برانڈن گل کی جیت کے امکانات 99 فیصد سے زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے ان کی حمایت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
اس موقع پر جیو نیوز کے مشہور صحافی راجہ زاہد خانزادہ نے بھی شرکت کی، اور برانڈن گل کے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ساتھ گہرے تعلقات کو امریکی سیاست میں کمیونٹی کی اہمیت اور اثر و رسوخ بڑھانے کا ذریعہ قرار دیا۔ تقریب کے دوران کمیونٹی رہنماؤں جیسے ڈاکٹر ہاشم مجید، ڈاکٹر عارف جمال، پرویز ملک، یاسین چودھری، ڈاکٹر اشفاق، ڈاکٹر علی بخاری، اور فیصل خان نے بھی اپنے خیالات اظہارِ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں دونوں سیاسی جماعتوں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری کمیونٹی کے مسائل مؤثر طریقے سے حل ہو سکیں۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ پاک پیک ڈیلس چپٹر کا یہ اس سال کا ساتواں بڑا ایونٹ تھا، اس سے قبل گورنر گریگ ایبٹ، جیسمن کراکٹ، جان ہفمین، اور رونی جیکسن جیسے نمایاں سیاسی رہنماؤں کے لیے بھی فنڈ ریزنگ ایونٹس کا انعقاد کیا جا چکا ہے، جس سے پاک پیک کی سیاسی اثر پذیری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔