رواں سال کے آغاز میں اپنی منگنی کا اعلان کرنے والی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ادیتی راؤ حیدری پیا دیس سدھارنے کی تیاریاں کرنے لگیں، شادی کا وینیو سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے حال ہی میں انٹرویو کے دوران اپنی اور اپنے منگیتر اداکار سدھارتھ سورینارائن کی شادی کی منصوبہ بندی سے متعلق لب کشائی کی۔
حالیہ انٹرویو کے دوران اداکارہ سے ان کی شادی کے منصوبوں کے حوالے سے پوچھا گیا تھا۔
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ادیتی راؤ حیدری نے زیادہ تفصیلات دیے بغیر اتنا بتایا کہ وہ اور سدھارتھ سورینارائن واناپارتھی میں 400 سال پرانے مندر میں شادی کریں گے، جو ان کے اہل خانہ کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
اسی انٹرویو کے دوران اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ سدھارتھ نے پہلی بار شادی کے لیے ان کی نانی کے اسکول میں پوچھا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ان دونوں کی دوسری شادی ہے، ادیتی راؤ حیدری کی پہلی شادی اداکار ستیہ دیپ مشرا کے ساتھ ہوئی تھی۔ دونوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا لیکن بعدازاں ان کی علیحدگی ہوگئی تھی۔
دوسری جانب سدھارتھ نے سال 2003ء میں میگھنا نارائن سے پہلی شادی کی تھی، اُن کی شادی بھی طویل عرصے تک نہیں چل سکی اور سال 2007ء میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے سال 2021ء میں تامل تیلگو فلم ’مہا سمندرم‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور اسی فلم کے بعد ان دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات قائم ہوئے تھے۔
سدھارتھ اور ادیتی راؤ حیدری نے کچھ عرصے تک اپنے تعلقات کو خفیہ رکھا تھا۔
بعدازاں جوڑے کو اکثر فلمی پریمیئرز، ایوارڈ شوز اور پرائیویٹ پارٹیز میں ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد ان دونوں کی شادی کی خبریں بھارتی میڈیا میں گردش کرنے لگی تھیں۔
اداکارہ نے رواں سال مارچ میں اپنی اور سدھارتھ کی شادی کی گردشی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے انہیں افواہ قرار دیا جبکہ منگنی کی تصدیق کی تھی۔
واضح رہے کہ ادیتی راؤ اور سدھارتھ کی شادی کی تاریخ اور دیگر تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔