سمندری طوفان ’اسنیٰ‘ کراچی سے دور ہونا شروع، چھٹا الرٹ جاری

سمندری طوفان ’اسنیٰ‘ کراچی سے دور ہونا شروع، چھٹا الرٹ جاری


مشرقی بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ’اسنی‘ کا کراچی سے فاصلہ بڑھ گیا ہے، جو اس وقت کے جنوب مغرب میں تقریباً 200 کلومیٹر دور موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری چھٹے الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 9 گھنٹوں کے دوران طوفان کا رخ مزید مغرب کی جانب بڑھا اور اب یہ کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 200 کلومیٹر، اورماڑہ سے 220 کلومیٹر اور گوادر سے 380 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

مزید امکان ظاہر کیا کہ اسنی مزید مغرب-جنوب مغرب کی طرف جائے گا۔

جاری الرٹ کے مطابق طوفان کے زیر اثر 70 کلومیٹر فی گھنٹہ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، مزید بتایا کہ سندھ کے اضلاع کراچی، بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، جامشورو اور دادو میں آج تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ بلوچستان میں حب، لسبیلہ، آوران، کیچ اور گودار میں کل رات تک موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔

الرٹ میں بتایا گیا کہ سمندری حالات 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ خراب رہنے کا امکان ہے، سندھ کے ماہی گیروں کو آج تک اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو کل تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید بتایا کہ محکمہ موسمیات کا کراچی میں سائیکلون وارننگ سینٹر سسٹم کی کڑی نگرانی کر رہا ہے اور اپ ڈیٹ جاری کرے گا، متعلقہ حکام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ایڈوائزری کے ذریعے خود کو باخبر رکھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ ڈیپ ڈپریشن اب سائیکلون اسنیٰ کی صورت اختیار کرگیا، جو کراچی سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، اس وقت اس کے زیر اثر شہر میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

قبل ازیں، چیف میٹرولوجسٹ نے کہا تھا کہ بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا، رات میں تیز اسپیل متوقع ہے، اس سمندری طوفان کی سمت بلوچستان، عمان کی جانب ہے، بارشیں اسی سسٹم کے زیر اثر ہو رہی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ نے کہا تھا کہ بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا، رات میں تیز اسپیل متوقع ہے، اس سمندری طوفان کی سمت بلوچستان، عمان کی جانب ہے، بارشیں اسی سسٹم کے زیر اثر ہو رہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں