ممبئی: بالی ووڈ کی اسٹار جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اپنے پہلے بچے کی پیدائش سے چند روز قبل اپنے نئے فلیٹ میں منتقل ہورہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اپنے پہلے بچے کی پیدائش سے قبل اپنے نئے فلیٹ میں منتقل ہونے کی تیاری کررہے ہیں، اس جوڑی کے نئے فلیٹ کی تزئین و آرائش کا کام اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے ممبئی کے علاقے باندرا میں نیا فلیٹ لیا ہے جس کی قیمت 100 کروڑ بھارتی روپے بتائی جارہی ہے جبکہ یہ شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ‘منت’ کے قریب واقع ہے۔
رنویر اور دیپیکا کا نیا فلیٹ اندرونی جگہ میں 11,266 مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے جبکہ گھر میں اضافی 1,330 مربع فٹ چھت کی جگہ ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اگلے ماہ ستمبر میں اپنے پہلے بچے کا دُنیا میں استقبال کریں گے۔
واضح رہے کہ رنویر سنگھ اوردیپیکا پڈوکون نے سال 2018 میں اٹلی میں ایک پُروقار تقریب کے دوران شادی کی تھی۔
دیپیکا پڈوکون کو آخری بلاک بسٹر فلم “کالکی 2898 AD” میں دیکھا گیا تھا جبکہ رنویر سنگھ بہت جلد فلم ‘ڈان 3′ کی شوٹنگ شروع کریں گے۔