‘ہمارا ہیرو بوڑھا ہو رہا ہے’، سلمان خان کی نئی ویڈیو دیکھ کر مداح اُداس

‘ہمارا ہیرو بوڑھا ہو رہا ہے’، سلمان خان کی نئی ویڈیو دیکھ کر مداح اُداس


 ممبئی: 22 سال کی عُمر میں بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے لازوال کیریئر کی شروعات کرنے والے بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی حالیہ ویڈیو نے مداحوں کو اُداس کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سلمان خان نے ممبئی میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی سُپر ہٹ فلم ‘وانٹڈ’ کے گانے ‘تیرا ہی جلوہ’ پر ڈانس کیا اور اپنے نوعمر مداح سے بھی ملاقات کی۔

اسی تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس نے میگا اسٹار کے لاکھوں مداحوں کو تشویش اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان صوفے پر بیٹھے ہوتے ہیں تو اسی دوران، اداکارہ سونالی بیندرے اُن سے ملاقات کے لیے آتی ہیں، اداکار صوفے کی پُشت کا سہارا لیتے ہوئے بڑی ہی مشکل سے کھڑے ہوتے ہی اور پھر سونالی سے ملاقات کرتے ہیں۔

یہ ویڈیو جیسے ہی وائرل ہوئی تو مداحوں نے کمنٹ سیکشن میں سلمان خان کی محبت میں تبصروں کی لائن لگا دی۔

ایک مداح نے کہا کہ ہمارے بچپن کے پسندیدہ  ہیرو بوڑھے ہورہے ہیں جبکہ ایک مداح نے کہا کہ بیماری ہو یا جوانی، ہمیشہ باقی نہیں رہتی۔

مداح نے کہا کہ سلمان خان کو بوڑھا ہوتا دیکھ کر بہت دُکھ ہورہا ہے جبکہ ایک اور مداح نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ انہیں بوڑھا ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن یہ دیکھ کر بہت بُرا لگ رہا ہے۔

ایک مداح نے سلمان خان کی فٹنس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کی عُمر 58 برس ہے اور اگر اس عُمر میں بھی اُن کی جسامت طاقتور مرد جیسی ہے تو ہمیں ان پر فخر کرنا چاہیے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان خان نے طبیعت ناساز ہونے کے باوجود تقریب میں شرکت کی، انہیں حال ہی میں پسلی کی چوٹ لگی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں