کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے کم معاوضے پر کام کرنے کی وجہ بتا دی۔
گزشتہ دنوں ہی فیصل قریشی نے اپنے یوٹیوب چینل پر پوڈکاسٹ کا آغاز کیا ہے جس میں وہ شوبز ستاروں کو مدعو کرکے اُن کے انٹرویوز کرتے ہیں۔
پوڈکاسٹ کی حالیہ قسط میں فیصل قریشی نے اس بارے میں بات کی کہ پروڈیوسرز کس طرح کم معاوضے کے ساتھ ڈراموں میں اداکاروں کو کاسٹ کرتے ہیں۔
فیصل قریشی نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں میرا 30 سال کا تجربہ ہے، میں نے کبھی کسی پروڈیوسر کو یہ کہتے نہیں سنا کہ اُن کے پاس بڑا بجٹ ہے اور اداکاروں کو پراجیکٹ کے لیے بھاری معاوضہ دیا جائے گا۔
اداکار نے کہا کہ پروڈیوسر ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہم بھی آپ کی طرح محنت کررہے ہیں، ہمارا بجٹ بہت کم ہے، براہِ کرم اس کردار پر غور کریں، ہم آپ کو زیادہ معاوضہ نہیں دے سکتے ہیں لیکن یقین کریں کہ یہ کردار بہت اچھا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں وہ شخص ہوں جسے پروڈیوسر اچھے کردار کی لالچ سے بلیک میل کرتے ہیں، پروڈیوسرز اپنی باتوں میں اس طرح لیتے ہیں کہ میں کم معاوضے پر بھی پیشکش قبول کرلیتا ہوں لیکن میری شرط ہوتی ہے کہ کردار اچھا ہو۔
فیصل قریشی نے فہد مصطفیٰ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈرامہ سیریل ‘کبھی میں کبھی تُم’ میں فہد مصطفیٰ کی پرفارمنس بہت اچھی لگی۔
اداکار نے کہا کہ میں نے فہد سے کہا ہے کہ تُم اب مزید ڈراموں میں کام کرو کیونکہ اُن کی اداکاری کو بہت پسند کیا جارہا ہے لیکن دیکھتے ہیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ فہد مصطفیٰ فلموں میں کام کرکے زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن ہم سب اُنہیں ڈراموں میں واپس دیکھ کر بہت خوش ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار، پروڈیوسر اور میزبان فہد مصطفیٰ نے ڈرامہ سیریل ‘کبھی میں، کبھی تُم’ کے ذریعے 10 سال بعد ڈراموں میں واپسی کی ہے۔