بھارتی ریاست تریپورہ میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں، مختلف حادثات میں 22 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تریپورہ میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے اور نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سیلابی صورتحال کے سبب گزشتہ روز 8 اضلاع سے 34 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں، جبکہ سیلاب سے ایک ہزار کے قریب گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے سبب سفری آمدورفت میں بھی خلل پیدا ہوا ہے، جبکہ ٹرین کی پٹریاں سیلابی پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ٹرین کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے۔
دوسری جانب یمن میں تباہ کُن بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں، جبکہ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (اوچا) کی جانب سے یمن میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔