چاغی میں بجلی کے کھمبے سے لٹکی 5 افغان باشندوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے

چاغی میں بجلی کے کھمبے سے لٹکی 5 افغان باشندوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے


چاغی میں بجلی کے کھمبے سے لٹکی 5 افغان باشندوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ ہفتے بجلی کے کھمبے سے لٹکی ہوئی 5 لاشیں ملی تھیں، جنہیں گولیاں مارکر قتل کیا گیا تھا۔

افغان سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افرد کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہوئی تھی جب کہ پانچوں لاشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہیں۔

یہ لاشیں جمعہ کو بلوچستان میں افغانستان اور ایران کے سرحد کے قریب دالبندین شہر میں ایک کالج کے قریب سے ملی ہیں۔

افغان سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ پانچوں لاشیں بدھ کو اسپن بولدک چمن بارڈر کراسنگ پر اہل خانہ کے حوالے کر دی گئیں۔

’بلوچستان میں ہمارے قونصل خانے نے افغانستان میں منتظر رشتہ داروں کو لاشیں واپس کرنے کے لیے ’سنجیدہ کوششیں‘ کیں‘۔

جمعرات کو اے ایف پی کو دیے گئے بیان میں افغان سفارتخانے کے حکام نے کہا ’5 افغان شہریوں کو نامعلوم افراد نے بے دردی سے قتل کیا ہے‘۔

خیال رہے کہ 2021 میں طالبان کی جانب سے دوبارہ افغانستان کا اقتدار سنبھالنے اور اسلامی قوانین نافذ کرنے کے بعد سے بعد تقریباً 6 لاکھ افغانوں نے پاکستان کا سفر کیا ہے۔

تاہم پاکستان نے گزشتہ سال سے بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو بے دخل کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ 22 جولائی 2024 کو وفاقی حکومت نے پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام میں ایک سال کی توسیع کردی تھی۔

وزارت سیفران نے افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کارڈ کی مدت میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ توسیع کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2025 تک ہوگا۔

پی او آر میں توسیع کا اطلاق پاکستان میں قانونی طور پر مقیم رجسٹرڈ افغان مہاجرین پر ہوگا، رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے لیے رجسٹریشن کارڈ کی مدت 30 جون 2024 کو ختم ہوگئی تھی۔

پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد تقریبا ساڑھے 14 لاکھ ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں