بالی ووڈ میں ہر شخص خود غرض، بیوقوف، خالی دماغ، خود پسند ہے: کنگنا رناوت

بالی ووڈ میں ہر شخص خود غرض، بیوقوف، خالی دماغ، خود پسند ہے: کنگنا رناوت


بالی ووڈ کوئین، معروف اداکارہ اور سیاسی رہنما کنگنا رناوت نے ایک بار پھر بالی ووڈ فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور بالی ووڈ پارٹیز کو ایک صدمہ قرار دے دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں زیادہ تر فنکاروں کو یہ علم ہی نہیں ہوتا کہ دنیا میں کیا چل رہا ہے، ہر دوسرا شخص خود غرض، بے وقوف، خالی دماغ یا پھر خود پسند ہے، ان سے دوستی کا کیا فائدہ؟

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا انفلوئینسر راج شامانی کی پوڈ کاسٹ میں اداکارہ نے بطور مہمان شرکت کی اور بالی ووڈ فنکاروں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دورانِ انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ میں میرا کوئی دوست نہیں کیونکہ بالی ووڈ سے وابستہ ہر شخص خود غرض، بیوقوف، خالی دماغ اور خود پسند ہے، ان کے پاس بات کرنے کے لیے کوئی موضوع تک نہیں ہوتا، ہر ایک مادہ پرست ہے۔

اداکارہ کے مطابق بالی ووڈ میں سب ایک جیسے ہیں، اداکاروں کو یہ بھی نہیں معلوم ہوتا کہ دنیا میں چل کیا رہا ہے، ان کی گفتگو صرف فیشن، پروٹین شیک، برانڈڈ بیگز یا گاڑیوں تک محدود ہوتی ہے، تو ایسے لوگوں سے دوستی کرنے کا کیا فائدہ ہے؟

انہوں نے کہا کہ اگر بالی ووڈ فنکار شوٹنگ نہیں کر رہے ہوں تو پھر ان کے پاس دوسرا کوئی کام نہیں ہوتا، وہ دنیا کے فارغ ترین انسان بن جاتے ہیں۔

کنگنا رناوت نے بالی ووڈ پارٹیز کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ بالی ووڈ پارٹیز بہت شاندار ہوتی ہیں لیکن میرے لیے تو بالی ووڈ پارٹیز ایک صدمے جیسی ہوتی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں