ایرانی پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر علی فدوی نے کہا ہے کہ مناسب وقت پر اسرائیل کو حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی سزا دیں گے۔
ایک بیان میں پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر علی فدوی نے کہا کہ بچوں کے قتل میں ملوث اسرائیلی حکومت نے ایرانی سرزمین پر اسماعیل ہنیہ کو شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مناسب وقت اور جگہ پر مناسب جواب دیں گے۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی کا ایران کے اسرائیل کو جواب دینے سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا مسلسل خیر مقدم کرتا آیا ہے، جنگ بندی بین الاقوامی مطالبہ ہے، 10 ماہ سے زائد عرصے سے جاری قتل عام بند ہونا چاہیے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران غزہ میں جنگ روکنے کا سب سے اہم اور مضبوط ترین بین الاقوامی حامی ہے، غزہ جنگ بندی کے لیے دیگر ممالک کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ اسرائیل نے سرکاری مہمان اسماعیل ہنیہ کو ایرانی سرزمین پر دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا ، اسماعیل ہنیہ غزہ جنگ بندی کے لیے سیاسی مذاکرات کے عمل کے رہنما تھے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر ایران کو اپنی سلامتی اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے، ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی توقع رکھنا غیر معقول درخواست ہے۔