اداکار وجے راز کو آنے والی فلم ‘سن آف سردار 2’ سے نکال دیا گیا ہے، جس کی وجہ ان کی جانب سے فلم میں مرکزی کردار نبھانے والے اجے دیوگن کو سلام نہ کرنا بنی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم کے شریک پروڈیوسر کمار منگٹ پاٹھک نے کہا کہ وجے کو سیٹ پر ان کے رویے اور مطالبات کی وجہ سے فلم سے ہٹا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وجے نے بڑے کمرے اور وینیٹی وین کا مطالبہ کیا اور اس کے علاوہ انہوں نے اپنے اسپاٹ بوائے کےلیے زیادہ پیسے مانگے۔ وجے کا اسپاٹ بوائے ایک رات کےلیے 20 ہزار روپے وصول کر رہا تھا، جو کسی بھی بڑے اداکار سے زیادہ ہے۔
تاہم وجے کا کہنا ہے کہ انہیں فلم سے اس لیے نکالا گیا کیونکہ انہوں نے سیٹ پر اجے دیوگن کو سلام نہیں کیا۔
وجے راز نے اپنے دفاع میں کہا کہ جب میں شوٹ پر پہنچا تو اس وقت اجے دیوگن مصروف تھے، اسی لیے انہیں سلام نہیں کیا۔
انکا کہنا تھا کہ انہیں سیٹ پر پہنچنے کے 30 منٹ بعد ہی فلم سے ہٹا دیا گیا۔ اس معاملے میں کسی بھی بدسلوکی کا کوئی عمل دخل نہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق وجے راز کی جگہ پر سنجے مشرا کو فلم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم سن آف سردار 2، 2012 کی ہٹ فلم ‘سن آف سردار’ کا سیکوئل ہے، جس کی شوٹنگ برطانیہ میں جاری ہے۔
فلم کی ہدایتکاری وجے کمار اروڑا کر رہے ہیں اور اس میں اجے دیوگن کے ساتھ مرنال ٹھاکر بھی نظر آئیں گی۔