سید نور اداکارہ صائمہ کی محبت میں کیسے مبتلا ہوئے؟

سید نور اداکارہ صائمہ کی محبت میں کیسے مبتلا ہوئے؟


پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف ہدایت کار سید نور نے اداکارہ صائمہ سے محبت کی دلچسپ داستان سنا دی۔

سید نور نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اداکارہ صائمہ کے ساتھ اپنی دوسری شادی کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں اور صائمہ فلم ’چوڑیاں‘ کی شوٹنگ کے دوران ہی ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے پھر اس فلم کے بعد بھی ہم نے کئی فلموں کے لیے ایک ساتھ کام کیا۔

ہدایت کار نے بتایا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو سمجھنے بھی لگے تھے تو ایک دن میں اُنہیں شوٹنگ کے لیے ان کے گھر سے لینے گیا اور ہم دونوں باتیں کر رہے تھے تو میں نے ان کا ہاتھ تھام لیا جیسے ہی میں نے ہاتھ تھاما تو اُنہوں نے فوراً مجھ سے کہا کہ اب جب کہ آپ نے میرا ہاتھ تھام لیا ہے تو کبھی مت چھوڑیے گا۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب صائمہ نے مجھ سے ہاتھ کبھی نہ چھوڑنے کا کہا تو یہ میرے لیے محبت کا ایک امتحان تھا اور پھر میں نے ان کا ہاتھ ہمیشہ کے لیے تھامنے کا فیصلہ کر لیا۔

سید نور نے پہلی اہلیہ رخسانہ نور کے اپنی دوسری شادی پر ردِعمل کے بارے میں بتایا کہ وہ بہت دلیر عورت تھیں، میری دوسری شادی کے بعد کافی پریشان تھیں لیکن بعد میں اُنہیں احساس ہوا کہ میں اپنی محبت میں سچا ہوں اس لیے اُنہوں نے مجھے صائمہ کو بطور بیوی تمام قانونی حقوق دینے کی اجازت دے دی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے رخسانہ سے اجازت ملنے کے بعد اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا۔

ہدایت کار نے دوسری شادی پر اپنے بچوں کے ردِعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری بڑی بیٹیاں رخسانہ کے انتقال کے فوراً بعد شادی کر کے بیرونِ ملک چلی گئی تھیں اور انہوں نے اس وقت صائمہ کو میری بیوی کی حیثیت سے قبول نہیں کیا تھا۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ جب رخسانہ کا انتقال ہوا اس وقت میرا بیٹا شازل کافی چھوٹا تھا تو صائمہ نے ہی اس کی دیکھ بھال کرنا شروع کی جس کے بعد میرے بچوں کے دل میں صائمہ کے لیے محبت پیدا ہوئی اور اب میرے بچوں کے صائمہ کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں