’آج پیشی ممکن نہیں‘، بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر جیل انتظامیہ کا جواب

’آج پیشی ممکن نہیں‘، بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر جیل انتظامیہ کا جواب


9 مئی 2023 کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست پر اڈیالہ جیل انتظامیہ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں جواب جمع کرادیا۔

راولپنڈی میں 9 مئی کے مقدمات میں بشری بی بی کی طلبی جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی، سماعت کے دوران جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب پیش کیا گیا۔

جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت مقرر ہے، ریفرنس کی سماعت کے باعث ملزمہ کو انسداد دہشت گردی عدالت پیش کرنا ممکن نہیں ہے۔

انتظامیہ نے کہا کہ عدالت استدعا ہے کہ ملزمہ کی طلبی کے لیے نئی تاریخ مقرر کی جائے۔

گزشتہ روز 9 مئی کے 12 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی طلبی اور جسمانی ریمانڈ کے لیے تفتیشی افسران نے درخواستیں دائر کی تھیں جنہیں منظور کرتے ہوئے جج ملک اعجاز اصف نے عمران خان کی اہلیہ آج صبح اڈیالہ جیل کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عدالت پہلے ہی بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر چکی ہے اور عدالت نے تفتیشی افسران کو 7 دن میں بشریٰ بی بی سے تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا اور اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

9مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں یاسمین راشد، محمودالرشید، اعجاز چوہدری کے ساتھ ساتھ صنم جاوید کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں