دن میں صرف ایک بار کھاتا ہوں اور 4 گھنٹے سوتا ہوں: شاہ رخ خان کا انکشاف

دن میں صرف ایک بار کھاتا ہوں اور 4 گھنٹے سوتا ہوں: شاہ رخ خان کا انکشاف


بالی ووڈ کے کنگ، شاہ رخ خان نے اپنی روز مرہ کی روٹین سے متعلق انکشاف کر کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

حال ہی میں انڈسٹری کو تین بلاک بسٹر فلمیں، ’جوان‘، ’پٹھان‘، اور ’ڈنکی‘   دینے والے اداکار شاہ رخ خان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ واقعی میں ناصرف ایک محنتی انسان ہیں بلکہ اُن کی کامیابی کے پیچھے  سخت روٹین کا بھی ہاتھ ہے۔

’دی گارجیئن‘ کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں سُپر اسٹار شاہ رُخ  نے اپنے طرز زندگی سے متعلق پہلی بار تفصیلات شیئر کی ہیں۔

58 سالہ شاہ رُخ خان نے کہا کہ میری عمر 50 سال سے زیادہ ہے، اس عمر میں مجھے اپنے کام سے طویل چھٹی کی ضرورت تھی، اسی لیے میں نے کچھ عرصہ فلموں میں وقفہ لیا تاکہ تازہ دم ہو کر پہلے سے بہتر کام کر سکوں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کورونا وائرس کے دوران سب ہی کی طرح میں بھی فارغ تھا، اس دوران میں نے اطالوی ڈشز بنانا سیکھیں اور ورزش پر توجہ دی، کورونا کے دور  میں میری اچھی خاصی باڈی بھی بن گئی تھی۔

شاہ رخ خان نے انٹرویو کے دوران اپنی روز مرہ کی روٹین پر بھی تفصیل سے بات کی۔

انہوں نے ’دی گارجیئن‘ کو بتایا کہ میں دن میں صرف ایک وقت کا کھانا کھاتا ہوں۔

شاہ رُخ خان نے انکشاف کیا کہ میں فلم کی شوٹنگ کے دنوں میں رات کے 2 بجے بھی گھر آتا ہوں، گھر آنے کے بعد غسل کرتا ہوں اور پھر 30 منٹ تک ورزش کرتا ہوں، میں عموماً صبح 5 بجے سوتا ہوں اور اگر میری فلم کی شوٹنگ چل رہی ہو تو میں صبح 9 یا 10 بجے اُٹھ جاتا ہوں۔

یاد رہے کہ آج کل اداکار شاہ رخ خان اپنے آنے والے نئے پروجیکٹ ’کِنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

شاہ رخ خان کی ایکشن فلم ’کِنگ‘ کی شوٹنگ کا لندن میں آغاز ہو چکا ہے۔

سوجوئے گھوش کی زیرِ ہدایت بننے والی اس فلم میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان اور اداکار ابھیشیک بچن کو بھی دیکھا جا سکے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں