پیرس اولمپکس میں بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگٹ وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے 50 کلوگرام ریسلنگ کے فائنل سے باہر ہوگئی تھیں۔
ونیش پھوگٹ کا وزن پیرس اولمپکس میں ریسلنگ کے مقابلے کے آغاز سے پہلے 50 کلوگرام سے کم تھا لیکن مقابلے کا آغاز ہونے کے بعد صرف ایک دن میں ہی ان کا وزن 52.7 کلوگرام تک بڑھ گیا تھا۔
اس حوالے سے بھارت کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر دنشا پردی والا نے میڈیا کو بتایا کہ جب ونیش پھوگٹ کا وزن 52.7 کلوگرام تک بڑھ گیا تو ٹیم اور کوچ نے وزن کم کرنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے اور ریسلر کو کھانا نہ کھانے اور پانی کم پینے کی ہدایت دی۔
اب یہاں قابلِ غور بات یہ ہے کہ ونیش پھوگٹ کا ایک دن میں تقریباً 3 کلو وزن کیسے بڑھ گیا؟
ریسلرز کے لیے وزن کم کرنے کے لیے سخت اقدامات سے گزرنا کوئی انوکھی بات نہیں کیونکہ اس کھیل میں وزن کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔
ونیش پھوگٹ نے 2022ء ورلڈ چیمپیئن شپ میں 53 کلو گرام کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا اور ان کا مجموعی طور پر وزن 57 کلو گرام کے قریب بتایا جاتا ہے اسی لیے 50 کلو گرام تک وزن کم کرنا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ونیش پھوگٹ نے وزن کم کرنے کے بعد مقابلے سے پہلے توانا رہنے کے لیے 300 گرام کا ایک گلاس جوس پیا تھا اور ساتھ ہلکی پھلکی غذا لی تھی جس کی وجہ سے ان کا وزن تقریباََ 3 کلو گرام تک بڑھ گیا۔
جس کے بعد بھارتی خاتون ریسلر ہر ممکن کوشش کرنے کے بعد بھی اپنا وزن 50 کلو گرام تک کم نہیں کرسکیں اور فائنل سے باہر ہوگئیں۔