قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ نے رولنگ دی ہے، اس پر بھی یہ حکمران قبضہ کرنا چاہتے ہیں، یہ عدالت کے پر کترنا چاہتے ہیں۔
پنجاب کے ضلع سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ نے کہا کہ جعلی حکومت عوام پر قبضہ جمائے بیٹھی ہے، حکومت عدلیہ کو دبانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ اپنی مرضی کے فیصلے لیے جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے، وزیراعلیٰ سندھ ہمارے لوگوں کو دبانے کے لیے کوشاں ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ دیکھیے حکومت جو ہےفارم 47 کی حکومت ہے، اس کے پاس قانونی اختیار نہیں ہے، یہ سمجھیں قبضہ مافیا بیٹھا ہوا ہے، پی ٹی آئی کی سیٹیں انہوں نے چوری کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سونے پر سہاگا اب جو سپریم کورٹ نے رولنگ دی ہے ، اس پر ان کو تکلیف ہورہی ہے ، یہ حکمران اس پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ عدالت کے پر کترنا چاہتے ہیں، اس پر ہم سیسہ پلائی دیوار کے طرح کھڑے ہیں۔