طلبہ کا مطالبہ منظور، جسٹس سعید رفعت کو بنگلادیش کا نیا چیف جسٹس بنادیا گیا

طلبہ کا مطالبہ منظور، جسٹس سعید رفعت کو بنگلادیش کا نیا چیف جسٹس بنادیا گیا


بنگلادیش میں طلباء کے احتجاج اور پھر چیف جسٹس کے مستعفی ہونے کے بعد نیا چیف جسٹس نامزد کردیا گیا۔

بنگلادیشی صدر شہاب الدین نے جسٹس سعید رفعت احمد کو نیا چیف جسٹس مقرر کر دیا، وہ بنگلادیش کے 25ویں چیف جسٹس مقرر ہوئے ہیں۔

سیکریٹری قانون کا کہنا ہے کہ جسٹس سید رفعت احمد  سپریم کورٹ کے ہائیکورٹ ڈویژن کے سب سے سینئر جج ہیں، انہیں پہلے اپیلٹ ڈویژن کا جج مقرر کیا گیا اور پھر چیف جسٹس بنایا گیا ہے۔

سید رفعت احمد 28 دسمبر 1958 کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد وکیل سید اشتیاق احمد بنگلادیش کے سابق اٹارنی جنرل تھے۔

ان کی والدہ ڈاکٹر صوفیہ احمد بنگلادیش کی قومی پروفیسر اور اسلامی تاریخ اور ثقافت کی ممتاز پروفیسر تھیں جنہوں نے یونیورسٹی آف ڈھاکا میں خدمات انجام دیں۔

بنگلادیش کے نئے چیف جسٹس کی تقرری جسٹس عبیدالحسن  کے مستعفی ہونے کے بعد کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ بنگلادیشی طلبا کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبیدالحسن نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ وہ آج شام تک صدر شہاب الدین سے مشاورت کے بعد باضابطہ قدم اٹھایں گے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس نے یہ فیصلہ طلبا کے ہائی کورٹ کے احاطے میں جمع ہونے کے بعد کیا تھا۔ مظاہرین نے چیف جسٹس کو استعفیٰ دینے کے لیے ایک گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھاکا میں سیکڑوں مظاہرین نے سپریم کورٹ کا گھیراؤ کر لیا تھا، انہوں نے استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں ججوں کی رہائش گاہوں پر دھاوا بولنے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل چیف جسٹس عبیدالحسن نے سپریم کورٹ کے دونوں ڈویژنز کے تمام ججوں کے ساتھ فل کورٹ میٹنگ طلب کی تھی جس کے بعد صورتحال تیزی سے خراب ہونا شروع ہوگئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں