لاہور: پی ٹی آئی رہنما امتیاز علی وڑائچ کی کمرہ عدالت میں طبیعت بگڑ گئی۔
لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت کے جج خالد ارشد نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤکیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے کہا کہ جو ملزمان ایف آئی آر میں نامزد نہیں اور نہ ضمنی بیانات میں ان کا نام ہے ان کا کیا کریں، جو نامزد نہیں ان کے خلاف کوئی شہادت نظر نہیں آرہی، اسپیشل پراسیکیوٹرصاحب آپ بتائیں ان کی گرفتاری کیوں درکارہے؟
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، اعظم سواتی، علیمہ خان، عمر ایوب اور دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 3 ستمبر تک توسیع کردی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما امتیاز علی وڑائچ کی کمرہ عدالت میں طبیعت بگڑگئی جس پر انہیں عدالت سے باہر لے جایا گیا اور بار روم میں بٹھایا گیا۔