اداکارہ نور بخاری کا فیروز خان کی دوسری شادی سے متعلق کیا کہنا ہے؟

اداکارہ نور بخاری کا فیروز خان کی دوسری شادی سے متعلق کیا کہنا ہے؟


مذہب کی خاطر شوبز کی دنیا کو خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ، نور بخاری نے اپنی زندگی میں آنے والے اتار، چڑھاؤ اور حجاب کرنے کے فیصلے سے متعلق بات کی ہے۔

حال ہی میں نور بخاری نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب کے لیے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دیا ہے۔

نور بخاری نے اس دوران بتایا کہ میرے والد کا تعلق شوبز سے تھا، میں نے بطور چائیلڈ اسٹار کام کا آغاز کیا تھا، بعد ازاں 14 سال کی عمر سے باقاعدہ طور پر شوبز انڈسٹری میں کام شروع کر دیا تھا۔

تعلیم سے متعلق بات کرتے ہوئے نور بخاری کا کہنا تھا کہ میری تعلیم صرف فرسٹ ایئر تک ہے، میری پہلی فلم کی کمائی 10 ہزار روپے تھی جو کہ مکمل معاوضہ نہیں تھا، یہ آدھا معاوضہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میری پہلی فلم ’مجھے چاند چاہیے‘ 1998ء میں شوٹ ہوئی تھی جو ریلیز 2000ء میں ہوئی تھی۔

حجاب کرنے کے فیصلے سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ میں بخاری سید ہوں، حجاب میرے خون میں شامل تھا، میرے خاندان میں سب باحجاب خواتین ہیں، ایک میں ہی شوبز سے تعلق رکھتی ہوں، پہلے اس بات کو سمجھ نہیں سکی تھی، جب اللّٰہ نے ہدایت دی تو سمجھ آئی کہ اللّٰہ تعالیٰ کی کچھ حدود ہیں اور اُن پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔

اداکارہ نور بخاری نے مزید کہا کہ بیٹی پیدا ہوئی تو سوچا کہ بیٹی کو اچھا مستقبل دینا ہے، بیٹی کے لیے رول ماڈل بننا ہے، اسی لیے حجاب کرنا شروع کیا۔

انٹرویو کے دوران نور بخاری نے حجاب کو ایک مشکل فیصلہ قرار دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ باحجاب خاتون کو یا تو جاہل سمجھا جاتا ہے یا پھر غریب گھرانے کا سمجھا جاتا ہے۔

نور بخاری نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں بہت سی تقریبات میں شرکت نہیں کرتی کیوں کہ لوگوں کی نظروں سے جھلکنے والی حقارت مجھ سے برداشت نہیں ہوتی ہے۔

انہوں نے پوڈ کاسٹ کے دوران معاشرے میں پھیلتے ناجائز تعلقات اور شادی سے متعلق بھی بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ حال ہی میں اداکار فیروز خان نے شادی کی ہے، اُن پر بہت تنقید کی گئی، کیا غلط کر دیا فیروز خان نے، نکاح حلال عمل ہے، یہی اگر کوئی اپنی گرل فرینڈ یا بوائے فرینڈ کے ساتھ تصویر شیئر کرتا ہے تو اُس چیز کو بہت اچھا سمجھا جاتا ہے، ہم غلط سمت میں جا رہے ہیں، یہ ہم غلط کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں