32 برس کام کرنے کے باوجود وہ پذیرائی نہیں ملی جس کا حق دار ہوں: جان ریمبو

32 برس کام کرنے کے باوجود وہ پذیرائی نہیں ملی جس کا حق دار ہوں: جان ریمبو


پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ مقبول اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو نے حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں 32 برس کام کرنے کے باوجود وہ پذیرائی نہیں ملی جس کے وہ حق دار ہیں۔

حال ہی میں ملکی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی معروف فنکار جوڑی اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو اور ان کی اہلیہ و اداکارہ صاحبہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرکے دلچسپ گفتگو کی۔

دوران گفتگو اداکار جان ریمبو نے ملکی تفریحی صنعت سے واابستہ فنکاروں کو ملنے والی ناکافی حوصلہ افزائی پر حکومت سے شکوہ کا اظہار کیا۔

انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 32 سال گزرگئے ہیں، تقریباً 200 فلمیں کی ہیں، دی ڈونکی کنگ جیسی فلم، جو دنیا بھر میں مشہور ہوئی، مختلف زبانوں میں ڈب ہوئی اس کے باوجود انہیں وہ پذیرائی نہیں ملی جس کے وہ حقدار ہیں۔

اداکار کے مطابق ایوارڈز اور اعزازات بھی سلام دعا کی بنیاد پر ملتے ہیں۔ اس لیے لینے کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہے، اگر میرٹ پر ملتے تو فخر بھی ہوتا۔

جان ریمبو نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جب میری ساس نشو بیگم کو نہیں ملا تو میں اپنا شکوہ کیا کرؤں۔


اپنا تبصرہ لکھیں