ایمان خلیف سے معافی مانگنا چاہتی ہوں، اطالوی باکسر اینجلا کیرنی

ایمان خلیف سے معافی مانگنا چاہتی ہوں، اطالوی باکسر اینجلا کیرنی


پیرس اولمپکس کے ویمن باکسنگ ایونٹ میں اطالوی باکسر اینجلا کیرنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حریف الجیریا کی باکسر ایمان خلیف سے معافی مانگنا چاہتی ہیں۔

اٹلی کی باکسر انجیلا کیرنی نے اولمپک خواتین کی باکسنگ کے بارے میں اٹھنے والے تنازعے پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایمان خلیف کے بارے میں اٹھنے والے سوالات اور قیاس آرائیوں پر افسوس  کا اظہار کرتی ہوں۔

اطالوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انجیلا کیرنی  نے کہا کہ ایمان خلیف نے ان کے خلاف کھیلتے ہوئے کچھ غلط نہیں کیا، اس کا مقصد صرف مقابلہ کرنا تھا۔

اطالوی باکسر نے وضاحت  کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس نے خلیف کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کر کے کوئی پیغام نہیں دیا بلکہ یہ اس کے غصے کا اظہار  تھا کیونکہ اس کی اولمپک میں امیدیں ختم ہو چکی تھیں۔

اینجلا کیرنی نے کہا کہ انہوں نے خلیف کے خلاف کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، وہ خود کو تنازعے سے الگ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس کے وویمن باکسنگ ایونٹ میں اٹلی کی اینجلا کیرنی نے الجیریا کی باکسر ایمان خلیف کے خلاف پہلے راؤنڈ کے صرف 46 سیکنڈز کے بعد ہی لڑنے سے انکار کر دیا تھا۔

پیرس اولمپکس کے چھٹے دن وویمن باکسنگ کی 66 کلو گرام کیٹیگری کے راؤنڈ آف سکسٹین میں اٹلی کی اینجلا کیرنی اور الجیریا کی ایمان خلیف کے درمیان مقابلہ تھا، اور یہ فائٹ صرف 46 سیکنڈز جاری رہی تھی، جس میں الجیرین باکسر نے حریف باکسر کو دو زوردار مُکے رسید کیے تھے، جس کے بعد اٹالین باکسر نے لڑنے سے انکار کر دیا تھا۔

اینجلا کیرنی کا کہنا تھا کہ یہ نا انصافی ہے کیوں کہ وہ سمجھتی ہیں کہ الجیرین باکسر میں خاتون سے زیادہ مردوں والی خصوصیات ہیں اور اُن کے مکوں میں بہت زیادہ طاقت تھی۔

واضح رہے کہ الجیرین باکسر ایمان کو پچھلے برس ورلڈ چیمپئن شپ سے نکال دیا گیا تھا کیوں کہ وہ جینڈر ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہی تھیں۔

اس سال انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ایمان کو پیرس اولمپکس میں مقابلے کی اجازت دی تھی کیوں کہ آئی او سی کے قوانین انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن سے مختلف ہیں، اس پر بہت تنقید کی جارہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں