فواد خان اور صنم سعید کی متنازع ویب سیریز ’برزخ‘ پر پیمرا کا ردِعمل

فواد خان اور صنم سعید کی متنازع ویب سیریز ’برزخ‘ پر پیمرا کا ردِعمل


پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا اداکار فواد خان اور اداکارہ صنم سعید کی متنازع ویب سیریز ’برزخ‘ پر ردِعمل سامنے آگیا ہے۔

پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس ویب سیریز کوبھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو پر ریلیز کیا گیا ہے اور اس سیریز کو پروڈیوس بھی بھارتی پروڈیوسرز نے ہی کیا ہے۔

تاہم سیریز کی کاسٹ میں تمام پاکستانی اداکار شامل ہیں، مرکزی کردار فواد خان اور صنم سعید نے ادا کیا ہے۔

اس ویب سیریز میں ہم جنس پرستی سے متعلق مواد دکھایا گیا ہے جس کی وجہ سے اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے پیمرا نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیریز ’برزخ‘ آن لائن پلیٹ فارم پر نشر کی جارہی ہے، آن لائن پلیٹ فارمز یا  سوشل میڈیا پر موجود مواد نافذ العمل پیمرا قوانین کے تحت پیمرا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قابلِ توجہ یہ امر ہے کہ یہ ڈرامہ/ سیریز کو پیمرا سے لائسنس یافتہ کسی بھی سیٹیلائٹ ٹی وی چینل سے نشر نہیں کیا جا رہا۔


اپنا تبصرہ لکھیں