پیرس اولمپکس، زوردار مکہ مارنے پر اٹلی کی باکسر کا لڑنے سے انکار

پیرس اولمپکس، زوردار مکہ مارنے پر اٹلی کی باکسر کا لڑنے سے انکار


پیرس اولمپکس کے وویمن باکسنگ ایونٹ میں اٹلی کی اینجلا کیرنی نے الجیریا کی باکسر ایمان خلیف کے خلاف پہلے راؤنڈ کے صرف 46 سیکنڈز کے بعد ہی لڑنے سے انکار کردیا۔

پیرس اولمپکس کے چھٹے دن وویمن باکسنگ کی 66 کلو گرام کیٹیگری کے راؤنڈ آف سکسٹین میں اٹلی کی اینجلا کیرنی اور الجیریا کی ایمان خلیف کے درمیان مقابلہ تھا۔

فائٹ صرف 46 سیکنڈز جاری رہی، جس میں الجیرین باکسر نے حریف باکسر کو دو زوردار مُکے رسید کیے، جس کے بعد اٹالین باکسر نے لڑنے سے انکار کردیا۔

اینجلا کیرنی نے کہا کہ یہ نا انصافی ہے کیوں کہ وہ سمجھتی ہیں کہ الجیرین باکسر میں خاتون سے زیادہ مردوں والی خصوصیات ہیں اور اُن کے مکوں میں بہت زیادہ طاقت تھی۔

ان کے مطابق جو مکہ اُنہوں نے ناک پر کھایا وہ اُن کے لیے ناقابل برداشت تھا، اُنہیں ایسا لگا کہ اُن کی ناک ٹوٹ گئی ہے، اس دوران اٹالین باکسر نے اپنا ہیڈ گیئر اُتارا اور زارو قطار روتے ہوئے رنگ میں گھٹنوں کے بل بیٹھ گئیں۔

واضح رہے کہ الجیرین باکسر ایمان کو پچھلے برس ورلڈ چیمپئن شپ سے نکال دیا گیا تھا کیوں کہ وہ جینڈر ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہی تھیں۔

اس سال انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ایمان کو پیرس اولمپکس میں مقابلے کی اجازت دی تھی کیوں کہ آئی او سی کے قوانین انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن سے مختلف ہیں اس واقعے پر بہت تنقید کی جارہی ہے۔

دوسری جانب اٹلی کی وزیراعظم میلونی نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کیرنی اور ایمان کے درمیان مقابلہ برابر کا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ خاتون ایتھلیٹ جن میں مردانہ خصوصیات زیادہ پائی جاتی ہیں اُنہیں کسی بھی طرح خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دینی چاہئے تاکہ خواتین برابری کے معیار پر ایک دوسرے کا مقابلہ کرسکیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں