شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد کے جیل میں اوپن کورٹ ٹرائل کی اجازت

شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد کے جیل میں اوپن کورٹ ٹرائل کی اجازت


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی اور اور یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کے جیل میں اوپن کورٹ ٹرائل کی اجازت دے دی گئی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کے اوپن کورٹ ٹرائل کی اجازت دی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سماعت کے دوران جیل میں میڈیا نمائندگان، اہل خانہ کو آنے کی اجازت دے دی۔

شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد نے اوپن کورٹ ٹرائل کی درخواست دی تھی جسے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے منظور کرلیا۔

شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق متعدد مقدمات زیر سماعت ہیں۔

پسِ منظر

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں