کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش


کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ شہر میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔

شہر کے جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں گلبرگ، لیاقت آباد، غریب آباد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ حسن اسکورئر، ائیرپورٹ، محمود آباد، کورنگی، شاہراہ فیصل اور صدر کے اطراف میں بھی بارش ہوئی۔

مختلف علاقوں میں بارش کے باوجود شہر میں گرمی کی شدت برقرار ہے، سمندری ہوائیں بند ہونے سے شہریوں کا برا حال ہوگیا، آج بھی درجہ حرارت 39 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جبکہ گرمی کی شدت 46 ڈگری تک محسوس کی جارہی تھی۔

ویدر اپڈیٹس پی کے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ ملیر کراچی میں بارش ہو رہی ہے۔

ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ بارش کے باوجود در و دیوار سے اس وقت بھی تندور کی طرح گرمی نکل رہی ہیں۔

قبل ازیں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی، معتدل اور تیز بارش ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہوا کےکم دباؤ کے باعث شدید گرمی ہے، شہر قائد میں سمندری ہوائیں کل سے بحال ہوجائیں گی۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سمندری ہوائیں بحال ہونے سے گرمی کی شدت کم ہو جائےگی، مزید کہا کہ جولائی کےآخر یا اگست کے شروع میں تیز بارش کے اسپیل کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں سب سے زیادہ بارش پاپوش نگر میں 37.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ کیماڑی میں 25 ملی میٹر، ماڑی پور میں 23 ملی میٹر، کورنگی میں 22 ملی میٹر، قائدآباد میں 12 ملی میٹر، اورنگی ٹاون میں 4.5 اور ڈی ایچ اے فیز 2 میں 3.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں