جرمنی میں افغان شہریوں کا پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ

جرمنی میں افغان شہریوں کا پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ


جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا۔

افغان شہریوں کے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ اور پاکستانی پرچم اتارنے کے واقعے کے بعد پاکستانی سفارتی حکام نے جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کیا ہے۔

پاکستانی سفارتی حکام نے جرمن وزارت خارجہ سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں جرمن حکام کی جانب سے تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فرینکفرٹ میں انتہا پسند گروہ کی جانب سے قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے قونصل مشن کے احاطے کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ میں ناکامی کی بھی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ویانا کنونشن کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قونصلر احاطے کے تقدس کی حفاظت کرے، ویانا کنونشن کے تحت میزبان حکومت کی ذمے داری ہے سفارت کاروں کی سلامتی یقینی بنائے۔

ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا، اس سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا، ہم جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں اور جرمن حکومت پر زور دیتے ہیں کہ ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمے داریاں پوری کرنے کیلیے اقدامات کرے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جرمن حکومت جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز ارو عملے کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ افغان شہریوں نے احتجاج کے دوران پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا اور پاکستانی پرچم بھی اتار دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں