اسلام آباد: سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرری کے معاملے پر مشاورت کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس کچھ دیر بعد ہو گا۔
سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات میں کمی لانے کیلئے ایڈہاک ججز کی تقرری کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج تین بجے ہو گا۔
اجلاس میں جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود کی بطورایڈہاک جج تقرری پر غور ہو گا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کا 25 فیصد فوجداری مقدمات ہیں اور بہت سے مقدمات میں ملزمان کے انتقال کے 2،2 سال بعد جیل پٹیشنز سماعت کیلئے مقرر کیے جانے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 10 جولائی کو جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں بینچ میں 45 جیل پٹیشنز سماعت کیلئے مقرر کی تھیں، 45 جیل پٹیشنز میں سے 10 اپیلیں ایسی تھیں جن میں ملزمان دنیا فانی سے ہی کوچ کر چکے ہیں۔
وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے مقدمات کی جلد سماعت کے لیے 4 سابق ججز کو بطور ایڈہاک جج نامزد کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس میں سے دو ججز جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی تھی جبکہ جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے ایڈ ہاک جج بننے کی حامی بھری تھی۔