گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کراؤڈ اسڑائیک کے سسٹم میں تکنیکی خرابی

گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کراؤڈ اسڑائیک کے سسٹم میں تکنیکی خرابی


گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کراؤڈ اسڑائیک کے سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث کئی ممالک میں بینکوں، فضائی کمپنیوں، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، ٹیلی ویژن، ریڈیو نشریات اور سپر مارکیٹس کے سسٹمز متاثر ہوگئے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عالمی آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے یو اے ای کے تمام الیکٹرانک سسٹمز متاثر ہوئے۔

عالمی آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے دبئی ایئرپورٹ پر ٹرمنل 1 اور 2 میں کچھ ایئر لائنز کے چیک ان متاثر ہوئے، کچھ دیر بعد  ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے پلیٹ فارم کو بھی بندش کا سامنا ہوا جبکہ برطانیہ میں ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی۔

برطانیہ کے ایڈنبرا ایئر پورٹ پر خودکار بورڈنگ پاس اسکینرز غیر فعال ہونے کے سبب مسافروں کی مینوئل چیکنگ کی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث اسپینش ایئر پورٹس، ترکش ایئر لائن، آسٹریلین میڈیا اور بینکنگ آپریشنز متاثر ہوئے۔

آسٹریلیا کے سڈنی ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق عالمی تکنیکی مسئلہ کچھ ایئر لائن آپریشنز پر اثر انداز ہوا، سڈنی ایئرپورٹ پر شام تک پروازوں کی آمد و رفت میں کچھ تاخیر ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب برلن ایئرپورٹ پر ائیر ٹریفک عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دلی اور ممبئی ایئر پورٹ پر بھی پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کے سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث نیدرلینڈز میں بھی ایئر پورٹ آپریشنز متاثر ہوئے۔


اپنا تبصرہ لکھیں