بڑی ٹیم نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی باضابطہ تصدیق کر دی

بڑی ٹیم نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی باضابطہ تصدیق کر دی


پاکستان آئندہ سال فروری مارچ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا جس میں شرکت کے لیے بڑی ٹیم نے باضابطہ تصدیق کردی۔

پاکستان جو آئندہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔ یہ شو پیس ایونٹ فروری اور مارچ میں پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت 8 ٹاپ ٹیموں نے شرکت کرنی ہے جن میں سے سوائے بھارت کے باقی چھ ٹیموں نے کھیلنے کے لیے پاکستان آنے کی یقین دہانی کرائی ہوئی ہے اور اب نیوزی کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر اس کی تصدیق بھی کر دی ہے کہ بلیک کیپس آئندہ برس چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آئیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کا مجوزہ شیڈول آئی سی سی کو منظوری کے لیے بھیج چکا ہے جس کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بغیر کسی ردوبدل کے ممبر بورڈ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم بھارت روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آنے کے لیے پرانے حربے استعمال کر رہا ہے اور انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں آئے گی اور یہ ایونٹ بھی ایشیا کپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا۔

بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنے میچز دبئی یا سری لنکا منتقل کرنے کے لیے درخواست دی ہے اور اس حوالے سے مبینہ دباؤ بھی ڈالا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے بھی واضح کر دیا ہے کوئی نیوٹرل وینیو نہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اگر بھارت پاکستان آنے سے انکار کرتا ہے تو اس کی جگہ سری لنکا کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، افغانستان، بنگلہ دیش کی ٹیمیں کھیلیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں