بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن ومبلڈن 2024 کے فائنل میں نواک جوکووچ کی شکست پر افسردہ ہوگئے۔
امیتابھ بچن کھیلوں کے بڑے مداح ہیں، 81 سال کی عمر میں بھی وہ نہ صرف کرکٹ بلکہ ٹینس اور فٹبال جیسے کھیلوں کو بھی شوق سے دیکھتے ہیں۔
حالیہ ومبلڈن ٹورنامنٹ دیکھنے کےلیے اگرچہ وہ لندن میں موجود نہ تھے، لیکن انہوں نے فائنل میچ کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کردیا۔
امیتابھ نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل پر پیغام میں لکھا “آج رات اسپین میں جشن منایا جا رہا ہوگا۔ اسپین کے الکاریز نے ومبلڈن جیتا اور اسپین نے یورو 2024 میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دی۔”
انہوں نے لکھا کہ میرے پسندیدہ نواک جوکووچ ہار گئے، جس کی وجہ سے مایوسی ہوئی لیکن انہوں نے ایک نوجوان اور شاندار کھلاڑی کارلوس الکاریز کے ہاتھوں شکست کھائی، جو بڑے دل والے ہیں۔”
انٹرنیٹ پر صارفین امیتابھ کے کھیلوں کے شوق کو دیکھ کر خوش ہوئے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا “آپ کا کھیلوں کا شوق اور جوش دیکھ کر اچھا لگا، سر۔ اس قسم کا جذبہ انسان کو جوان رکھتا ہے۔”
ایک اور نے لکھا کہ “آپ کا پسندیدہ بھی جوکووچ ہے، بہت خوب سر۔” جبکہ تیسرے نے کہا کہ “ہاں، آج اسپین کا دن ہے۔”