آئے دن بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور نت نئے ٹیکس کے خلاف پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف شخصیات عوام کی ہم آواز بن کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہی ہیں۔
چند روز قبل سینیئر اداکار راشد محمود جون 2024ء کے مہینے کا اپنا بھاری بجلی کا بل شیئر کرنے کے بعد سرخیوں کا حصہ بن گئے تھے، سوشل میڈیا پر صارفین ان کی حمایت کرتے اور ان سے اتفاق کرتے دکھائی دیے۔
صارفین کے مطابق وہ بھی مہنگائی کے بعد اسی درد سے دو چار ہیں اور ان کے لیے موجودہ حالات کا مقابلہ کرنا واقعی مشکل ہو گیا ہے۔
اب حال ہی میں دیگر اداکاروں نے بھی بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت اور بھاری بلوں کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے۔
مشہور گلوکارہ نوراں لال نے بجلی کے بھاری بل کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ملک کے موجودہ حالات پر بات کرنا چاہتی ہوں، میں بجلی کے بلوں اور اس پر بھاری ٹیکس کی بات کر رہی ہوں، مجھے اپنے یونٹس کنٹرول کرنے کے لیے گھر پر 2 میٹر لگوانے پڑے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 2 میٹر لگوانے کے باوجود بھی مجھے بھاری بل بھیج دیے گئے ہیں، ہمیں دونوں میٹروں پر بھاری بلز اور بھاری ٹیکس بھیجے گئے ہیں، ایک میٹر کا بل 40 ہزار روپے جبکہ دوسرے کا 33 ہزار روپے آیا ہے، ٹیکس کے ساتھ ساتھ بجلی کے بھاری بل ادا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
نوراں لال نے کہا ہے کہ ہم فنکار ہیں، ہمارا کوئی اور کاروبار نہیں ہے، ہم بامشکل روز مرہ کی زندگی میں گزر بسر کر رہے ہیں، میں اکیلی عورت ہوں جو گھر چلا رہی ہے، گھر پر مالی معاملات سے نمٹنا واقعی مشکل ہے اور اب ہمیں یہ بل تحفے میں ملے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پی ٹی وی کے شوز کیے ہیں، ہم نے کبھی آپ سے کوئی مطالبہ نہیں کیا اور اب ہمیں یہ بل مل رہے ہیں، کیا ہم اسی کے مستحق ہیں؟
پاکستان کی نامور اداکارہ اور میزبان مشی خان بھی مہنگائی اور بجلی کے بلوں کے خلاف میدان میں آ گئیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ ہونے والا ہے کیونکہ حکومت پہلے ہی بجلی کے یونٹس کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے۔