انٹرنیٹ پرسنیلٹی و امیر کبیر خاندان کی صاحبزادی رادھیکا مرچنٹ کل، 12 جولائی کو باقاعدہ طور پر ایشیا کے سب سے امیر ترین خاندان ’امبانی‘ کی بہو بن جائیں گی۔
رادھیکا مرچنٹ کی امبانی خاندان کے سب سے چھوٹے چشم و چراغ آننت امبانی کے ساتھ شادی ہو رہی ہے۔
یہ شادی تقریباً رواں سال کے آغاز سے ہی جاری ہے، شادی کے سلسلے میں دو بار ’پری ویڈنگ‘ تقریبات کا انعقاد کیا جا چکا ہے جن میں سے ایک بھارتی گاؤں جام نگر جبکہ دوسری اٹلی میں منعقد کی گئی تھی۔
آننت اور رادھیکا کی شادی نے آج کل انٹرنیٹ کو ہائی جیک کیا ہوا ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کے دوران آج کل ہر جگہ یہ شادی ہی نظر آرہی ہیں۔
بھارتی میڈیا روپورٹس کے مطابق اس پرتعیش شادی میں ناصرف قریبی رشتے دار، ہالی ووڈ کے گلوکار، بالی ووڈ کے کئی نامور ستارے بلکہ’پیڈ ٹک ٹاکرز و یوٹیوبرز‘ کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے کہ تاکہ آننت اور رادھیکا کی شادی کو ایک یادگار تقریب بنا دیا جائے۔
اس شادی کے سبب جہاں ممبئی کے ہوٹلوں کے کرائے فی رات 13 ہزار سے 91 ہزار تک پہنچ گئے ہیں وہیں ممبئی پولیس نے بھی وی وی آئی پی موومنٹ کے لیے ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں اس وقت عام تعطیل کا سماں ہے اور بس امبانی خاندان کی شادی موضوع بنی ہوئی ہے۔
آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں جہاں نامور شخصیات لاکھوں کے لباس زیب تن کر رہے ہیں وہیں رادھیکا اور آننت خود کروڑوں کی لاگت سے تیار ہونے والے ملبوسات پہن رہے ہیں۔
حال ہی میں اس جوڑی کی ہلدی کی رسم کا انعقاد کیا گیا جس کے لیے دلہن بننے والی رادھیکا نے مہنگے ترین لباس اور زیورات کے بجائے پھولوں کے گہنے اور موتیاں کے پھولوں سے بنے دوپٹے پر اکتفا کیا۔
رادھیکا مرچنٹ کے اس لباس پر انٹرنیٹ صارفین دو دھڑوں میں بٹے نظر آ رہے ہیں۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ اربوں کی مالک رادھیکا نے اپنی ہلدی کے رسم کے لیے پھولوں کا زیور اور دوپٹہ اوڑھ کر سادگی کی مثال قائم کی ہے تو کئی صارفین کہہ رہے ہیں کہ رادھیکا مرچنٹ جو کھڑے کھڑے کچھ بھی خریدنے کی حیثیت رکھتی ہیں، انہوں نے پھولوں کا دوپٹہ پہن کر بس اپنی خواہش پوری کی ہے۔