غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 26 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فورسز کا غزہ کی پٹی پر وحشیانہ حملوں کا آج 275 واں روز ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے مغربی علاقوں پر اسرائیلی بم باری سے کم ازکم 20 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
الزوایدہ میں واقع ایک مکان پر اسرائیلی بم باری سے 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقوں میں بھی شیلنگ کی ہے۔
شجاعیہ کے علاقے میں بھی شدید لڑائی جاری ہے، اسرائیلی حملوں کے باعث کئی خاندان محصور ہو گئے۔
حماس نے امریکی تجویز قبول کر لی
حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پر بات چیت کی امریکی تجویز قبول کر لی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ حماس نے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء کی شرط سے پیچھے ہٹنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی تجویز میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پر بات چیت پر زور دیا گیا تھا۔
CIA و موساد سربراہان کی رواں ہفتے قاہرہ آمد متوقع
ادھر حماس اسرائیل جنگ بندی کے ایک اور دور کے لیے امریکی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کی رواں ہفتے قاہرہ آمد متوقع ہے۔
مصری میڈیا کے مطابق مصر غزہ جنگ بندی کے مذاکرات کے لیے اسرائیل و امریکی وفود کی میزبانی کرے گا۔
ایک مصری اہلکار نے بتایا ہے کہ مصر حماس کے ساتھ جنگ بندی اور یرغمالیوں کے بدلے قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کر رہا ہے۔
امریکی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز اگلے ہفتے قطر کا دورہ کریں گے، جبکہ اسرائیلی مذاکرات کار بھی دوبارہ قطر کا دورہ کرنے والے ہیں۔
اسرائیلیوں کے حکومت مخالف مظاہروں میں شدت
دوسری جانب اسرائیل میں سرگرم کارکنوں نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے 9 ماہ مکمل ہونے پر ملک بھر میں مظاہروں کا آغاز کر دیا۔
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ اسرائیلی سرگرم کارکنوں کی جانب سے ’ڈے آف ڈسرپٹشن’کے نام سے یہ مظاہرے شروع کیے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ان مظاہروں کے ذریعے اسرائیلی حکومت پر نئے انتخابات اور غزہ میں قیدیوں کی رہائی کے لیے جنگ بندی کے معاہدے کے لیے دباؤ بڑھایا جائے گا۔
امریکا میں بھی مظاہرے جاری
عرب میڈیا کے مطابق امریکا سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے جاری ہیں۔