وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے، ان کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، یہ جانتے ہیں کہ فیئر ٹرائل ہوا تو حکومت فارغ ہوجائے گی۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، حکومت آئین کو مان رہی ہے، نہ عدالتوں کو، آئین کے تحت ہمیں احتجاج اور جلسےکرنےکاحق حاصل ہے، اجازت نامہ منسوخ کرکے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی گئی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری پر بھی پرچے کٹے ہوئے ہیں، تھانہ کینٹ میں لیگل طریقے سے نواز شریف کے خلاف پرچہ درج ہے، ملک میں سزا اور جزا کا کوئی نظام نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بانی تحریک انصاف پر جعلی مقدمات بنائے گئے ہیں، ہم پر جھوٹے مقدمے بنائے گئے ہیں، عمران خان کے خلاف مقدمات میں کچھ نہیں نکلا، جھوٹی گواہیاں دیں اور اس کے بعد بھگتا پھروں، مذاق بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت بیساکھوں پر کھڑی ہے، ان کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، یہ جانتے ہیں کہ فیئر ٹرائل ہوا تو حکومت فارغ ہوجائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے آئین توڑنے والوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں عمران خان کی ہدایات پر شرکت کریں گے، اپیکس کمیٹی میں عزم استحکام پر بات ہوئی تھی، اس میں آپریشن نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی آپریشن ہونا بھی ہے تو اس سلسلے میں پارلیمنٹ اور عوام کو اعتماد لیاجانا چاہیے۔