امریکا اور پاکستان میں سیکیورٹی تعاون پر مزید بات چیت جاری ہے، پینٹاگون

امریکا اور پاکستان میں سیکیورٹی تعاون پر مزید بات چیت جاری ہے، پینٹاگون


امریکا کے دفاعی ادارے پینٹاگون نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان میں سیکیورٹی تعاون پر مزید بات چیت جاری ہے۔

گزشتہ روز پینٹاگون کے پریس سیکریٹری میجر جنرل پیٹ رائیڈر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے تعلقات ہیں، خاص طور پر انسداد دہشت گردی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک ساتھ کام کرنے کی ہماری ایک طویل تاریخ ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ بات چیت جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان پر مقدمات پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا تھا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن کی شفافیت کا معاملہ ہماری توجہ کا مرکز ہے، پاکستان کو انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرنا چاہیے۔

ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران امریکی ایوان نمائندگان کی پاکستان میں انتخابات سے متعلق قرارداد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیر التوا کانگریس کی قانون سازی پر بات نہیں کریں گے، ہمارے جمہوری نظام میں کانگریس، حکومت کی ایک الگ شاخ ہے۔

انہوں نے میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ جب بھی پاکستان سے متعلق بات آتی ہے تو ہمارے اعلیٰ حکام جن میں سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن، اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو، پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے مسلسل پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کے حقوق کا احترام کرے، ہم حکومت پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرے۔


اپنا تبصرہ لکھیں