اراکین پنجاب اسمبلی کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج، سیکیورٹی ہائی الرٹ

اراکین پنجاب اسمبلی کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج، سیکیورٹی ہائی الرٹ


پنجاب اسمبلی میں اراکین کی معطلی کے خلاف اپوزیشن ارکان کی جانب سے احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، معطل اراکین کو اسمبلی حدود میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے سیکیورٹی کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، پنجاب اسمبلی کے باہر قیدیوں کی وین بھی کھڑی کر دی گئیں اور اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

معطل ہونے والے ارکان کو اسمبلی حدود میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے اسمبلی سیکیورٹی کی جانب سے گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے، صرف مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کو اسمبلی آنے کی اجازت ہے۔

تاہم، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان رکاوٹیں توڑ کر اسمبلی گیٹ پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، اپوزیشن ارکان کو مین گیٹ پر روک دیا گیا، پنجاب اسمبلی کے ڈیوٹی فری شاپس گیٹ پر پولیس اور اسمبلی گارڈز کی بھاری نفری تعینات ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے 11 لوگوں کو معطل کیا گیا ہے جو غیر آئینی ہے، اسپیکر ملک محمد احمد خان اس وقت پارٹی بن گئے ہیں۔

احمد خان بھچر نے کہا کہ آپ 11 نہیں بلکہ 107 ممبران کو ہی معطل کردیں، ہم نے مریم نواز کو ٹک ٹاکر ، مینڈیٹ چور کہا، وہ جعلی وزیر اعلی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے والے اپوزیشن کے 11 ارکان کی رکنیت معطل کردی تھی، جس کا نوٹیفکشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ میری موجودگی میں ایوان کے اندر گالیاں دی گئیں، لوگ اخلاقی سطح سے گر جائیں گے تو کس طرح ایوان چلے گا، ایوان کی تنزلی کے ذمہ دار اس کے اندر بیٹھے لوگ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی میں بیہودہ نعروں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایک عرصے کے بعد ہمیں ٹیکس فری بجٹ دیکھنے کو ملا، اپوزیشن کی حرکتوں کو بہت برداشت کیا، ارکان اخلاقی سطح سے گر جائیں گے تو مجھے اپنا اختیار استعمال کرنا پڑے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں