کامیڈین جاوید کوڈو بچپن کی تلخ یادیں یاد کرکے غمگین ہوگئے

کامیڈین جاوید کوڈو بچپن کی تلخ یادیں یاد کرکے غمگین ہوگئے


پاکستانی مقبول کامیڈین و اسٹیج آرٹسٹ جاوید کوڈو نے اپنے بچپن میں پست قد کی وجہ سے کئی پریشانیوں کا سامنا کیا، جنہیں یاد کرکے آج بھی غمگین ہوگئے۔

حال ہی میں کایڈین نے نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کی اور مختلف امور پر دل کھول کے گفتگو کی۔

انہوں نے دوران انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ماضی کی تلخ یادیں تازہ کیں اور بتایا کہ بچپن میں چھوٹے قد کی وجہ سے انہیں کس طرح ہراساں کیا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب میں چھوٹا تھا تو ایک دن اسکول سے واپس آ رہا تھا تو ایک شخص نے اپنے بچے سے کہا کہ اسے مارو ۔ یہ سنتے ہی اس کے بچے نے دیگر بچوں کے ساتھ مل کر مجھے پتھر اٹھا کر مارے جس کی وجہ سے میں لہو لہان ہوکر اپنے گھر آیا۔

جاوید کوڈو نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید بتایا کہ اگلے دن جب میں پھر اسکول سے واپس آ رہا تھا تو وہی شخص ایک بار پھر مجھ سے ٹکرا گیا، بجائے شرمندہ ہونے کے وہ کہنے لگا کہ تو پھر آگیا۔

کامیڈین کے مطابق مذکورہ شخص نے یہ عمل صرف اس لیے کیا تھا کیونکہ میرا قد چھوٹا تھا۔

شو کے دوران انہوں نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے یکطرفہ محبت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھی یک طرفہ محبت کی تھی جو ناکام ہوگئی۔

جاوید کوڈو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے اپنی فیلڈ کی ایک لڑکی سے بےحد محبت تھی جسے میں نے چند ملاقات کے بعد ہی شادی کی پیشکش کر دی تھی لیکن وہ جواب دینے کی بجائے غائب ہوگئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنی محبت حاصل کرنے کی خاطر اپنے دوستوں کو رشتہ لینے کے لیے لڑکی کے گھر بھیجا تو انہوں نے رشتے کی بات کیا ہی کرنی تھی بلکہ جب وہ مذکورہ لڑکی کے گھر سے واپس آئے تو یوں معلوم ہو رہا تھا کہ وہ اپنی ہی بات کر کے آگئے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں