آپ ٹرول کرتے ہیں کریں، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا: یاسر نواز اور ندا یاسر کا ناقدین کو جواب

آپ ٹرول کرتے ہیں کریں، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا: یاسر نواز اور ندا یاسر کا ناقدین کو جواب


پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی، اداکارہ و میزبان ندا یاسر اور اُن کے شوہر، اداکار و فلمساز یاسر نواز نے اپنے اوپر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو کھری کھری سنائی ہیں۔

گزشتہ دنوں ہی یاسر نواز اور ندا یاسر حج کی سعادت حاصل کر کے پاکستان واپس پہنچے ہیں۔

ندا یاسر نے حج کے بعد نشر ہونے والے اپنے پہلے شو میں جہاں اپنے ساتھ مذہبی سفر کے دوران پیش آنے والے واقعات کا ذکر کیا وہیں اس جوڑی نے ٹرولرز کو کڑا جواب بھی دیا ہے۔

شو میں بریک کے دوران اداکار یاسر نواز نے ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا جس میں اُن کا ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’آپ کو ہمیں ٹرولز کرنا ہے آپ کریں، آپ لوگوں کو کوئی نہیں روک سکتا، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ہے، ہم جانیں اور بس ہمارا خدا جانے۔‘

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے حج کے دوران جو بھی عبادتیں اور نیک کام کیے ہیں وہ ہم اور ہمارا اللّٰہ جانتا ہے اور یہ ہمارا اپنے اللّٰہ کے ساتھ معاملہ ہے، وہاں جو لوگ بھی تھے جتنے بھی سب نے ہی تصویریں اور ویڈیو بنائی ہیں، ہر بندہ بناتا ہے۔‘

ندا اور یاسر کے ساتھ حج کے دوران کیا ہوا؟

یاسر نواز نے اپنی ویڈیو میں دوسرے حجاج کرام کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جو حج کے دوران یادگار لمحات کو کمیرے کی آنکھ میں قید کر رہے ہیں۔

آف کیمرہ یاسر نواز شو کی میزبان، اہلیہ ندا یاسر اور شو میں موجود دیگر مہمانوں سے بھی مخاطب ہو پر پوچھ رہے ہیں کہ لوگ ٹرولز کر رہے ہیں، اس پر آپ کیا کہتی ہیں؟

اس سوال کے جواب میں ندا یاسر کا کہنا ہے کہ ’میں دعا کرتی ہوں کہ اللّٰہ ایسے لوگوں کو ہدایت دے، جو ٹرول کر رہے ہیں وہ ہماری تصویروں سے کچھ سیکھ لیں اور اپنے ضروری کاموں کو چھوڑ کر یہ (حج) ضروری کام بھی کر لیں۔‘

یاد رہے کہ ندا یاسر اور یاسر نواز پر گزشتہ دنوں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حج کے دوران ویڈیوز اور مقدس مقامات کی تصویریں بنانے پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں